الأربعاء، 22 رجب 1446| 2025/01/22
Saat: (M.M.T)
Menu
القائمة الرئيسية
القائمة الرئيسية

خبر اور تبصرہ: پاکستان کا آئین غیر اسلامی ہے چاہے کتنے ہی فتوے جاری کر دیے جائیں

بسم الله الرحمن الرحيم


خبر: پاکستان پیپلز پارٹی کے پیٹرن انچیف بلاول بھٹو زرداری نے 15 فروری 2014، بروز ہفتہ ، طالبان کو بھر پور تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ وہ ملک کو"پتھر کے دور" میں لے جانا چاہتے ہیں۔ اس نے کہا کہ "طالبان ملک میں دہشت گردی کا قانون رائج کرنا چاہتے ہیں لیکن میں انھیں بتادینا چاہتا ہوں کہ اگر تم نے پاکستان میں رہنا ہے تو اس کے آئین کی پیروی کرنا ہوگی"۔
تبصرہ: جب سے راحیل-نواز حکومت اور تحریک طالبان پاکستان کے درمیان مذاکرات کا آغاز ہوا ہے میڈیا میں ایک زبردست بحث شروع ہو گئی ہے کہ آیا پاکستان کا آئین اسلامی ہے یا غیر اسلامی۔ حکومت نے بڑے بڑے علماء سے رابطے کئے اور ان سے فتوے حاصل کئے کہ 1973 کا آئین ایک اسلامی آئین ہے۔ اسی طرح تقریباً ہر اس سیاسی جماعت ، جو اسلام کی دعوت کی علمبرادر ہے، نے بھی اس آئین کو اسلامی آئین قرار دیا بلکہ وہ اس سے ایک قدم آگے بڑھ گئے اور یہ کہا کہ پاکستان میں شریعت نافذ ہے۔
اس میں کوئی شک نہیں کہ پاکستان کا موجودہ آئین 1935 کے ایکٹ آف انڈیا اور 1947 کے آزادی ایکٹ کا ہی تسلسل ہے۔ قیام پاکستان کے فوراً بعد ہی اس وقت کی آئین ساز اسمبلی میں یہ بحث شروع ہوگئی تھی کہ کس طرح اس آئین کو اسلامی آئین بنایا جائے۔ اس بحث کے نتیجے میں "قرارداد مقاصد" تشکیل پائی جس کو آئین کا مستقل حصہ بنا دیا گیا۔ اس قرارداد میں یہ کہا گیا کہ اقتدار اعلٰی صرف اللہ ہی کے لیے ہے لیکن اگلے ہی جملے میں قانون سازی کا اختیار پارلیمنٹ کو دے دیا گیا۔ لہٰذا یہ آئین انسانوں کو اپنی خواہشات کے مطابق قانون سازی کا اختیار دیتا ہے نہ کہ یہ آئین اللہ سبحانہ و تعالٰی کے اوامر و نواہی کو قوانین کا ماخذ قرار دیتا ہے۔ موجودہ آئین جمہوری آئین ہے یہ اسلام اور اس کی ریاست خلافت کا آئین نہیں ہے۔
اس بات کو جانتے ہوئے کہ پاکستان کے مسلمان اپنے آباؤ اجداد کے خواب کی تکمیل یعنی اسلام کا نفاذ چاہتے ہیں، ہر حکومت نے اس حوالے سے محض زبانی جمع خرچ ہی کیا ۔ 1973 کے آئین میں (1)227 شق ڈالی گئی کہ کوئی بھی قانون شریعت کے منافی نہیں بنایا جائے گا جبکہ کہا یہ جانا چاہیے تھا کہ قرآن و سنت کے سوا کہیں سے بھی کوئی قانون نہیں لیا جائے گا۔ آئین کی شق228 کے تحت اسلامی نظریاتی کونسل قائم کی گئی جس کا کام قوانین کو اسلامی بنانے کے لئے پارلیمنٹ کو تجاویز دینا ہے۔ اس کونسل کی تجاویز پر عمل کرنا پارلیمنٹ کے لئے لازمی نہیں ہے ، یہی وجہ ہے کہ اپنے قیام سے لے کر یہ کونسل اب تک چھ ہزار سے زائد تجاویز دے چکی ہے لیکن کسی ایک کو بھی پارلیمنٹ نے منظور نہیں کیا۔ اسی طرح آئین کی شق (1)D203 کے تحت وفاقی شرعی عدالت قائم کی گئی لیکن یہ عدالت آئینی مقدمات کو سن ہی نہیں سکتی اور اس کے فیصلوں کو سپریم کورٹ آف پاکستان میں چیلنج کیا جاسکتا ہے۔ وفاقی شرعی عدالت کا قیام ہی اس بات کا ثبوت ہے کہ باقی عدالتیں غیر شرعی ہیں۔
پاکستان کے عوام اب یہ جانتے ہیں کہ موجودہ آئین اور اس کے تحت قائم یہ پورا نظام غیر اسلامی ہے۔ وہ یہ اس لئے جانتے ہیں ہیں کیونکہ اس آئینی جمہوریت کے تحت سود حلال ہے، دولت کے ارتکاز میں اضافہ ہورہا ہے، عریانی و فحاشی کو فروغ دیا جارہا ہے، عدالتوں میں سالوں بلکہ دہائیوں تک مقدمات چلتے رہتے ہیں اور پھر بھی انصاف نہیں ملتا، غریبوں پر ٹیکسوں کی بھرمار کر کے ان کی کمر توڑ دی گئی ہے ، امت کے اثاثوں کو نجی ملکیت میں دیا جارہا ہے، جان اور مال کا کوئی تحفظ نہیں اور کافر حربی ممالک کو اس بات کی اجازت ہے کہ وہ فوجی اڈے، سفارت خانے، انٹیلی جنس دفاتر قائم کریں اور اپنی سازشوں کو عملی جامع پہنائیں۔
اس صورتحال میں امت صرف اور صرف اسلام کو ہی اپنا نجات دہندہ سمجھتی ہے اور اسلام کے قیام کی خواہش دن بہ دن بڑھتی جارہی ہے۔ یہ کفار اور ان کے ایجنٹوں کا دھوکہ ہے کہ اگر آپ کے پاس پارلیمنٹ میں اکثریت ہے تو سینکڑوں آئینی دفعات اور ہزاروں قوانین کو ایک ایک کر کے اسلامی بنالیں۔ وقت کی ضرورت ایک انقلابی تبدیلی ہے ۔ لہٰذا جمہوریت اور اس کے آئین کی منسوخی اور اسلام کا مکمل اور فوری نفاذ انتہائی ضروری ہے۔ اور ایسا صرف ریاست خلافت کے قیام کے ذریعے سے ہی ہوگا۔

حزب التحریر کے مرکزی میڈیا آفس کے لیے لکھا گیا
شہزاد شیخ
ولایہ پاکستان میں حزب التحریر کے ڈپٹی ترجمان

Leave a comment

Make sure you enter the (*) required information where indicated. HTML code is not allowed.

اوپر کی طرف جائیں

دیگر ویب سائٹس

مغرب

سائٹ سیکشنز

مسلم ممالک

مسلم ممالک