الأحد، 22 محرّم 1446| 2024/07/28
Saat: (M.M.T)
Menu
القائمة الرئيسية
القائمة الرئيسية

سوال کا جواب: ترکی میں اردگان اور فتح اللہ پارٹی کی باہمی مخاصمت اور امریکی سفیر کے بارے اردگان کا بیان

بسم الله الرحمن الرحيم

 

سوال: ترک وزیر اعظم اردگان نے 25 دسمبر 2013 کو نئی حکومت کی تشکیل کااعلان کردیا، جس میں دس وزراء کوتبدیل کیا ہے، جبکہ تین وزراء نے استعفے دیدئے ہیں، ان میں وزیر ماحولیات بھی شامل ہیں جنھوں نے اردگان سے مستعفی ہونے کا مطالبہ بھی کیا تھا۔ یہ سب کچھ ترک حکومت کی مالی اور سیاسی کرپشن کے سکینڈل کے پس منظر میں پیش آیا جس نے پچھلے دس دنوں سے حکومت کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ اس سے پہلے 20 دسمبر 2013 کو ان 49 لوگوں میں سے 24 کو گرفتار کر لیا گیا تھا، جو حکومت اور اس کی پارٹی کے قریبی ساتھیوں میں سے تھے، جن کو 17 دسمبر 2013 کو کرپشن کے الزام میں تفتیشی اداروں نے طلب کیا تھا.....اس کے بعد وزیراعظم نے ان لوگوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جو ان کی گرفتاری اور ان کی کرپشن کو بے نقاب کرنے کا باعث بنے تھے۔ وزیراعظم نے دسیوں سکیورٹی افسران کو بھی معطل کیا جن پر فتح اللہ گولن تحریک میں سے ہونے کاشبہ تھا اوراس پارٹی پر خوب غصہ نکالا گیا اور اس کے ساتھ ساتھ ترک وزیراعظم نے ترکی میں امریکی سفیر کوبھی تنقید کانشانہ بنایا۔ سوال یہ ہے کہ کن حالات کی بنا پر اردگان اور فتح اللہ پارٹی کے درمیان تعاون اور حمایت کے تعلقات باہمی مخاصمت میں تبدیل ہوئے؟ امید ہے کہ حتی الامکان اس کی تفصیل سے آگاہ کردیں گے، کیونکہ مذکورہ پارٹی کے ساتھ اردگان کے حالیہ برتاؤ کے بعد اس حوالے سے ہمارے اندر اُلجھن پیداہوئی ہے۔ نیز یہ کہ امریکی سفیر کے بارے میں اردگان کے بیان کا کیا مطلب ہے؟ باوجودیکہ امریکہ کے ساتھ اردگان کے اس حد تک مضبوط تعلقات رہے ہیں کہ اسے ترکی میں امریکہ کا آدمی کہا جاتا ہے۔

 

جواب : موجودہ صورتحال کی تمہید بننے والے عوامل اور اس پرمرتب ہونے والے نتائج کو سامنے لایا جائے تو مذکورہ بالا سوال کا جواب واضح ہو جاتا ہے۔
1۔ تفتیش کے اعلان اورگرفتاریوں نے حکومت، اس کی پارٹی اورپارٹی صدر اردگان کو اس لئےاشتعال دلایا کہ یہ صرف حکومتی ارکان اوراس کی برسر اقتدار پارٹی کے خلاف تھا۔ ان میں حکومتی وزیروں کے چار بیٹے، استنبول کے علاقے الفاتح کا میئر اور سٹیٹ بینک کا CEO بھی شامل تھے۔ اسی طرح ان میں حکومت کے قریبی بزنس مین بھی شامل تھے۔ دوسری طرف ترکی میں تین مہینے بعد 30 مارچ 2014 کو انتخابات بھی ہونے والے ہیں، جس میں اردگان دوبارہ صدر بننے کے لئے اپنی عوامی مقبولیت میں اضافے کا خواہشمند ہے۔ صدارتی انتخابات مقامی انتخابات کے چند مہینوں بعد 26 اگست 2014 کو منعقد ہونے والے ہیں۔ صدارتی انتخابات میں عوام بلاواسطہ ووٹ استعمال کریں گے جبکہ اس سے پہلے ایسا نہیں ہوتا تھا کیونکہ صدر کا انتخاب پارلیمنٹ کیا کرتی تھی۔ یہی وجہ ہے کہ اردگان نے نہایت سخت رد عمل دکھایا چنانچہ اس نے فتح اللہ گولن تحریک کے پیروکار سکیورٹی افسران کو تبدیل کیا اور انھیں عدلیہ کی مدد سے سبق سکھانے کی دھمکی دی جیسا کہ اخبار ملیات میں 18 دسمبر 2013 کو یہ رپورٹ شائع کی گئی کہ ".....لیکن عدلیہ کے میدان میں کام کرنے والوں کو حقوق اور قانون کا احترام کرنا ضروری ہے، انھیں کسی مخصوص گروہ کی ہدایت کے مطابق کام نہیں کرنا چاہیے کیونکہ عدلیہ میں کام کرنے والے کسی شخص کو یہ حق نہیں کہ وہ انتظامیہ پر دباؤ ڈالے یا ایسی ہدایات و احکامات دے جو وہ نہیں دے سکتا۔ اگر تم عدلیہ کو لوگوں پر دباؤ ڈالنے کیلئے استعمال کرو گے تو ہم بھی اپنی ذمہ داری پورا کر کے رہیں گے اورہم نے کر کے دکھایا"، اس کااشارہ سکیورٹی افسران کی معطلی کی طرف تھا۔ گولن تحریک کے مقابلے میں اپنے مؤقف کے حق میں ہمدردی حاصل کرنے کے پیش نظر اس نے کھل کر بیرونی مداخلت کا اشارہ دیا، اس نے کہا "آخری دنوں میں جو کچھ ہوا وہ ایک بین الاقوامی مداخلت ہے اور یہ بیرونی احکامات پر اندرونی کارندوں کی ایک کاروائی تھی " جیسا کہ اسی اخبار میں آیا.....پھر اس کے بعد ہی 20 دسمبر 2013 کو جب کہ وہ اپنے حق میں رائے عامہ کے حصول کے سلسلے میں اپنے دورے پر تھا اور سامسون میں قیام کر رہا تھا تو اس نے کہا کہ "سفیربعض سازشی سرگرمیوں میں ملوث ہے، میں اس سے کہتا ہوں کہ اپنا کام کرو، اگر تم اپنے دائرے سے باہر قدم رکھو گے تو ہماری حکومت اس حد تک جائے گی جتنی کہ اس کے پاس صلاحیت ہوگی".....(ملیات 17 دسمبر 2013)، اس کا اشارہ امریکی سفیر ریچارڈونی کی طرف تھا۔ اردگان بعض ترک اخبارات The Star, The New Twilight ,The Evening میں شائع ہونے والی خبر پرتبصرہ کر رہا تھا جبکہ انقرہ میں امریکی سفیر نے 17 دسمبر 2013 کو بعض یورپی نمائندوں کے ساتھ ملاقات بھی کی.....اور یہ رپورٹ اس بات کا اشارہ دے رہی تھی کہ ان واقعات میں امریکی سفیر ملوث ہے، اس لئے اردگان گولن پارٹی کے بارے میں غیظ و غضب سے بھر پور بیانات دیتا رہا اور امریکی سفیر کو نہایت محتاط رہنے کے لئے متنبہ کرتا رہا۔
2۔ جہاں تک گولن تحریک کاتعلق ہے تو مشہور یہ ہے کہ جب سے اردگان اور اس کی پارٹی نے 2002 سے اقتدار سنبھالا ہے، گولن نے ان کی پشت پناہی کی۔ حکومت نے کئی اداروں میں اس کو سرائیت کرنے کی اجازت دی، اس پر مستزاد یہ کہ یہ پارٹی بڑی تعدادمیں پرائیویٹ ٹیوشن مراکز کی دیکھ بھال کرتی تھی جن کے ذریعے طالب علموں کی ٹیوشن سے پارٹی کیلئے فنڈ اکٹھے کئے جاتے تھے، ساتھ ہی پارٹی کے ساتھ کام کرنے کیلئے انہی طالبعلموں کو تیار کیا جاتا تھا اور یہ سب کچھ اعلانیہ ہوا کرتا تھا اور اردگان کو ان سے کسی قسم کا خطرہ نہیں تھا، بالخصوص جبکہ یہ پارٹی اپنی سرشت میں پیری ومریدی کی ایک شکل ہے۔ بالفاظ دیگر یہ کوئی سیاسی تنظیم نہیں جس کا کوئی سیاسی ایجنڈا ہو جس کو نافذ کرنے کیلئے وہ حکومت کے ساتھ مزاحمت کرے۔ اس لئے اردگان ان کو کوئی خاص توجہ نہیں دیتا تھا اور خاص کر یہ پارٹی اردگان کے مثل امریکہ کا دست و بازو ہے۔ فرق صرف اتنا ہے کہ ان دونوں کے کردار اور اسالیب مختلف ہیں.....ان دونوں نے اداروں پر تسلط اور برطانیہ کے وفادار قومی ڈھانچے کو توڑنے میں کردار ادا کیا۔ اسی تحریک کے ذریعے امریکہ کو اداروں پر اثر انداز ہونے کا موقع ملا۔ اسی طرح امریکہ کو اردگان اور اس کی پارٹی کے واسطے فوج اور سیاست کے مراکز میں سرائیت کا موقع ملا، یوں یہ دونوں گروپ اور پارٹی ترکی میں امریکہ کے دو بازو ہیں اور ان کی آپس میں دوستی اور تعاون اور ایک ہی مرکز کے ساتھ وفاشعاری کا تعلق رہاہے۔ یہاں یہ بات بھی مد نظر رہے، کہ امریکہ اردگان حکومت کے اوائل میں ترکی میں اپنے آدمیوں کی ایک متحد اور مضبوط پارٹی بنانے کا خواہش مندتھا کیونکہ ان دنوں برطانوی قوتوں کی عدلیہ اور فوج کے اندر مؤثر قوت موجود تھی جو امریکہ کے لئے تشویش کا باعث تھی.....ان عوامل کی بنا پر امریکہ کو یہ خواہش ہوئی کہ اردگان اور اس کی پارٹی اور فتح اللہ گولن تحریک کے درمیان بغیر کسی کشیدگی کے صاف ستھرے تعلقات قائم ہوں۔ یہ حالات 2010 کے اوائل تک برابر جاری رہے۔ اس سال کچھ ایسے حوادث پیش آئے جس میں اردگان اور فتح اللہ گولن کے درمیان اختلافات کے بیج بوئے گئے۔ سب سے پہلے فتح اللہ گولن نے مرمرہ کشتی (Marmara Flotilla) کے بارے میں خط بھیجا، جس پر یہودیوں نے 31 مئی 2010 کو جارحیت کی تھی، گولن نے اپنے خط میں واضح کیا: "کشتی کو اسرائیلی پانیوں میں روانہ کرنا زبردست غلطی تھی، سب سے پہلے تل ابیب سے اس کی اجازت حاصل کرنا ضروری تھا"۔ اس خط میں اس نے کشتی بھیجنے کے فیصلے کو غلط قرار دیا اور یہودی وجود کے عمل اور ان کی جانب سے کشتی میں سوار ترکوں کو قتل کرنے میں اسرائیل کو حق بجانب قرار دیا، جبکہ اردگان کشتی اور اس میں سفر کرنے والوں کے ساتھ کھڑا تھا لہٰذا اردگان نے فتح اللہ کے خط کو شخصی تنقید سمجھا۔ اس سب کے باوجود دونوں نے معاملے کو رفع دفع کر دیا اور ان کے درمیان تعلقات دوستانہ نہج پر آگئے۔ 12 ستمبر 2010 کو اردگان نے دستوری ترامیم پر ریفرنڈم کی دعوت دی جس کی فتح اللہ نے حمایت کی۔ اس ریفرنڈم (استصواب رائے) میں "ہاں" کے پلڑے میں وزن ڈالنے میں فتح اللہ کا اثر تھا۔ گولن نے ریفرنڈم سے چند ہفتے قبل امریکہ میں اپنے ہیڈ کوارٹر سے ترک قوم کو دستوری ترامیم پر اتفاق رائے کی دعوت دیتے ہوئے کھل کر کہا: "یہ ترامیم اگرچہ محدود ہیں مگر ان پر بعد میں اثرات مرتب ہوں گے اوریہ مزید آزادیوں اور جمہوری مشق کیلئے ایک تحریک ہوں گی"۔ اردگان اس ریفرنڈم میں کامیاب ہوا، جہاں ان ترامیم پر 58٪کی نسبت سےاتفاق رائے حاصل ہوا اور برسر اقتدار پارٹی نے اپنے ہیڈ کوارٹر کے سامنے ایک بڑے جلسے کاانتظام کیا۔
اس اتفاق رائے پر اداروں میں بڑی تبدیلی مرتب ہوئی، جس کی وجہ سے ان آسامیوں پر بحالی عمل میں لائی گئی جن کو قوم پرستوں سے خالی کر کے پارٹی کے لوگوں کو ان پر مقرر کیا گیا۔ اس طرح عدلیہ کی سپریم کونسل اور پبلک پراسیکیوٹرز میں بھی تبدیلیاں ہوئیں اور روزگار کے نئے مواقع پیداکئے گئے۔ یہ سب کچھ گولن تحریک کے مفاد میں کیا گیا جس کی وجہ سے اس کو ان با اثر اداروں میں اثر و رسوخ حاصل ہوا، یوں تحریک نے سپریم جوڈیشل کونسل اور پبلک پراسیکیوٹر کے ماتحت اہم اور سپیشل عدالتوں پر تسلط حاصل کرلیا۔
3۔ اس کے بعد 2011 کے شروع ہوتے ہی ان کے درمیان دوبارہ بحران پیدا ہوا، جب اردگان نے دیکھا کہ سکیورٹی اور عدلیہ کے اندر تحریک کااثر و نفوذ اس کیلئے پریشانی اور تکلیف کاباعث ہو رہا ہے، اور تحریک غلبہ و تسلط حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے.....اب پہلے کی طرح تحریک کا رویہ تعاون کا نہیں رہا تھا اور اردگان اور گولن تحریک کے درمیان اب عمل اور رد عمل کا تبادلہ ہونے لگا۔
ا۔ 2011 کے آغاز سے اردگان نے اس تحریک کا اثر ختم کرنے پر کام شروع کیا، چنانچہ 2011 کے الیکشن میں پارلیمنٹ کی ممبرشپ کیلئے امیدواروں کی فہرست سے اس تحریک سے وابستہ لوگوں کی چھانٹی کی، پھر سکیورٹی اور بعض عدالتوں سے اس تحریک سے وابستہ اشخاص کو معزول کردیا۔
ب۔ اس عمل کے ردعمل میں اس تحریک کے ذرائع ابلاغ نے اردگان پر یورش کر دی۔ نہ صرف یہ بلکہ تحریک نے نیشنل انٹیلی جنس اداروں کے سربراہ خاقان فیدان کی گفتگو کا پروپیگنڈا شروع کیا جو اس نے کردستان کی لیبرپارٹی Öcalan's PKK کی قیادتوں کے ساتھ 2009-2010 میں اوسلو میں کی تھی اور جس کی کیسٹ ستمبر 2011 میں نشر کی گئی تھی۔ گفتگو کا موضوع کرد مسئلے کا تصفیہ تھا۔ اس زمانے میں اس بات چیت کو خفیہ رکھا گیا تاکہ اس کا اعلان ہونے سے پہلے فضا کو ساز گار بنایا جا سکے .....اس تحریک کی طرف اعتراض کی انگلیاں اٹھائی جانے لگیں کہ اس کیسٹ کو نشر کرنے میں اسی کا ہاتھ ہے۔ 7 فروری 2012 کو تحریک کے وفادار چیف پراسیکیوٹر کو انٹیلی جنس سربراہ کے ساتھ تفتیش کیلئے طلب کیاگیا۔
ج۔ اردگان نے اس کو اپنے لئے زندگی اور موت کا مسئلہ سمجھا کیونکہ یہ وزیراعظم پر اثر انداز ہو کر رہے گا اور ان رازوں سے پردہ اٹھائے گا جو کرد لیبر پارٹی کے ساتھ ریاست کے اپنی انٹیلی جنس کے ذریعے رابطوں سے متعلق ہیں۔ اس لئے اردگان اپنے انٹیلی جنس سربراہ کو کسی بھی قسم کی قانونی گرفت سے بچانے کیلئے سرگرم ِ عمل ہوا اور اس کیلئے اس نے پارلیمنٹ سے ایک قانون پاس کروایا کہ: "انٹیلی جنس اسٹیبلشمنٹ کے ملازمین اور وہ لوگ جن کو وزیراعظم کی طرف سے خصوصی کام سپرد کئے گئے ہوں، سے تفتیش نہیں کی جائے گی، سوائے اس کہ وزیراعظم اس کی اجازت دیدیں"۔ اس کے بعد اردگان نے انقرہ، استنبول اور ازمیر میں انٹیلی جنس حلقوں کی صفائی کیلئے آپریشن کیا۔ ایساہی اس نے تعلیمی نیٹ ورک اورعدلیہ میں سے ان اشخاص کی صفائی پر کام کیا جو گولن تحریک سے وابستہ تھے۔
د۔ پھروہ مرحلہ آیا جو اس تحریک پر زور دار طریقے سے اثر انداز ہوا۔ اس سے مراد اردگان کاوہ منصوبہ ہے جو کہ وہ پرائیویٹ ٹیوشن مراکز کے خاتمے اور ان کو حکومتی نصاب کی تعلیم دینے والے پبلک سکولوں یا سیکنڈری سکولوں میں تبدیل کرنے کیلئے عمل میں لایا۔ لگ بھگ ایک ہزار مراکز تحریک سے وابستہ تھے۔ یہ مراکز طالبعلموں کے سرپرستوں سے مہنگی فیسوں کا مطالبہ کرتے تھے۔ طالب علم حکومتی سکولوں میں اپنی کمزور تعلیمی سطح کو مضبوط کرنے کیلئے ان مراکز کی طرف رجوع کرتے تھے تاکہ وہ ملک کی بڑی یونیورسٹیوں میں داخلہ لینے کے قابل بن سکیں۔ تحریک اس کے درپردہ دو بنیادی اہداف کیلئے کوشاں تھی: مال کمانا اور تحریک کیلئے طالبعلموں کو حاصل کرنا۔ اس لئے اردگان حکومت نے تعلیمی نظام میں یہ تبدیلیاں کرنی چاہیں اور ان مراکز کو ایسے پبلک سکولوں میں تبدیل کیا جو حکومتی نصاب کی تعلیم دیتے اور ان کو حکومت کی نگرانی میں لایا گیا۔ اس نے یونیورسٹیوں میں داخلہ لینے کا نظام تبدیل کیا۔ پرانے نظام میں داخلے کیلئے سیکنڈری کی تعلیم کے بعد داخلے کیلئے تیاری کا سال نصاب سے خارج کیا گیا تھا، جس کی وجہ سے سرپرستوں کی بڑی تعداد اپنے بچوں کوان مراکز میں بھیجنے پرمجبور ہوتی تھی تاکہ وہ یونیورسٹیوں میں داخلہ لینے کے قابل بنیں، اوراپنے پسندیدہ شعبہ میں داخلے کیلئے اعلیٰ نمبرحاصل کرسکیں۔ ان مراکز کو ختم کرنے یا بند کرنے کا نتیجہ یہ ہوگا کہ تحریک، مال کمانے اور افراد سازی، دونوں میدانوں میں نقصان اٹھائے گی۔ اس لئے جب اردگان نے ان مراکز کو معطل کرنے اور ان کو حکومتی تحویل میں دینے کا اعلان کیا تو تحریک غصے سے بپھر گئی.....تحریک نے اردگان کی اس کاروائی پر رد عمل کے بارے سوچنا شروع کیا، تاکہ تین مہینوں بعد 30 مارچ 2014 کو منعقد ہونے والے انتخابات میں اس کی کامیابی پر اثر انداز ہوا جاسکے۔
ھ۔ اس کے بعد کرپشن کا سکینڈل سامنے آیا جس میں اردگان کی حکومت اور اس کی پارٹی کے لوگوں اور اس کے مقربین کو گرفتار کیا گیا.....اس کا الزام فتح اللہ گولن تحریک پر لگایا گیا کیونکہ تحریک ان پر الزام لگاتی رہی اور اس نے ان گرفتاریوں اور تحقیقات پر خوشی کا اظہار کیا تھا اور اس کو اپنے ذرائع ابلاغ میں اچھالا۔ مگر اردگان کی طرف سے تبادلوں کی جو تیز تر کاروائیاں کی گئیں، یعنی کئی سکیورٹی آفیسرز کو معزول کیا جن کے تحریک کے ساتھ روابط تھے۔ ان تبدیلیوں نے تحریک کی خوشیوں پر پانی پھیر دیا اور ان کو خاصی پریشانی ہوئی۔ اب تحریک نے ان تبدیلیوں کیلئے رکاوٹیں پیدا کرنے یا خلل ڈالنے کی کوششیں شروع کر دیں کہ یہ تبدیلیاں غیر قانونی یا غیر لازم ہیں۔ اس کے ہمنوا میڈیا نے یہ خبر شائع کی کہ جولائی 2013 سے اب تک حکومت کی طرف سے سکیورٹی افسران کی تبدیلیوں کو صدر نے مسترد کیا ہے اور وہ اس سے متفق نہیں ہیں.....پھر صدارتی دفتر نے 20 دسمبر 2013 کو فی الفور صدر عبداللہ گل کا بیان شائع کیا اور گولن تحریک کی طرف سے شائع کی گئی خبر کو جھٹلایا .....اس طرح پارٹی کی طرف سے یہ تاثردینےکی کوشش ناکام ہوگئی کہ اردگان اور عبداللہ گل کے درمیان اختلافات ہیں۔ اس کے بعد تحریک یہ محسوس کرتے ہوئے اردگان پر برسنے لگی کہ ان تبدیلیوں نے ان کے دلوں پر گھاؤ لگایا ہے، چنانچہ تحریک کے صدر فتح اللہ گولن نے پنسلوانیا، امریکہ میں اپنے ہیڈ کوارٹر سے غصے سے بھرا ایک ریکارڈ شدہ آڈیو بیان نشر کیا جسے 21 دسمبر 2013 کو اس کے ذرائع ابلاغ نے شائع کیا۔ اس میں دعا کی گئی اور دعا کچھ یوں تھی "اے اللہ جنہوں نے چوروں کو چھوٹ دی اور چوروں کا پیچھا کرنے والوں کا پیچھا کیا، تو ان کو زمین میں دھنسا دے، اے اللہ جن لوگوں نے مجرموں سے چشم پوشی کی اور مجرموں کا پیچھا کرنے والوں کو بد نام کیا اے اللہ تو ان کو زمین میں دھنسا دے، اے اللہ ان کے گھروں کو جلا دے ان کے مکانوں کو مسمار کر دے ان کا شیرازہ بکھیر دے ان کی نسل کاٹ دے، ان میں پھوٹ ڈال دے، ہمیں ان پرفتح دلا دے"۔ معلوم ہوتا ہے کہ تحریک پر کیا گیا حملہ زور دار تھا، تاہم وہ ٹوٹنے اور ختم ہونے سے بچ گئی۔
4۔ یوں 2010 سے اردگان اور فتح اللہ گولن کے درمیان حالات نے پلٹا کھایا اور اس کے بعد مسلسل تین سالوں تک حالات میں مزید گرمی آتی رہی جو آج تک جاری ہے۔ تحریک اور پنسلوانیا میں مقیم اس کے صدر نے امریکہ کی خدمت گزاری میں جو کچھ پیش کیا گیا ان میں، اللہ کے دین کے خلاف جسارت، نظام خلافت کے ساتھ دشمنی اور پارٹی کی طرف سے آخری سانس تک امریکی مفادات کی حمایت کرنا شامل ہے۔ ان تمام کی بنا پر گولن نے یہ گمان کیا کہ اردگان کے ساتھ روز افزوں مقابلہ اور مزاحمت کرکے امریکی خوشنودی سمیٹ لے گا۔ یوں امریکہ اس کو اردگان کا متبادل ٹھہرا دے گا اور اردگان کے ساتھ مقابلے میں اس کی حمایت کر دے گا.....چنانچہ، جیسا کہ ہم نے پہلے ذکر کیا، وہ اردگان کیلئے پریشانیاں پیدا کرنے پر اتر آیا۔ جہاں تک امریکہ کیلئے پارٹی کی خدمات کا تعلق ہے جن بنیادوں پر گولن کا خیال تھا کہ امریکہ اس کی حمایت کرکے اسے اردگان کامتبادل ٹھہرا دے گا، تو ان میں سے کچھ یہ ہیں:
ا۔ معتدل اسلام کی طرف اس کی دعوت یا بالفاظ دیگر سیکولر جمہوری افکار سے آلودہ ترمیم شدہ اسلام کی دعوت، وہ ان افکار کا شدت کے ساتھ دفاع بھی کرتا تھا اور اسی طرف لوگوں کی رہنمائی کرتا تھا، اس کیلئے وہ اپنی تحریک کے ذرائع کو کام میں لاتا تھا۔
ب۔ بین المذاہب، بالخصوص یہود ونصاریٰ کے ساتھ، مکالمہ میں اس کی پارٹی کی متحرک سرگرمیاں، تاکہ ان سب کو مسلمان سمجھ کر ان کو مسلمانوں کے برابر کیا جائے، یہ پارٹی دعوت دیتی تھی کہ ان کیلئے مساجد کے ساتھ عبادت خانے تعمیر کئے جائیں۔ نیز علوی نصیریوں کیلئے بھی عبادت خانوں کی تعمیر کی بات کی۔
ج۔ اسلامی ریاست ِخلافت کے قیام کی دعوت دینے والی تمام تحریکوں پر حملے، پارٹی نے ان سب پر علیحدگی پسندی اوردہشت گردی کا الزام لگایا۔ اپنے اس میڈیا جو اس کی ملکیت ہے، کے ذریعے ان کے خلاف منفی پروپیگنڈا کیا اور سکیورٹی اور عدالتی اداروں کو ان کے بارے میں معلومات فراہم کیں۔
د۔ اس کے صدر نے امریکہ کو 1990 سے اپنا ہیڈکوارٹر بنایا ہوا ہے۔ امریکی حکام اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کے ساتھ اس کی ملاقاتوں کا دائرہ وسیع ہوا۔ پھر اس نے امریکہ میں ایسے لیکچر دیے جو امریکی مفادات کے معاون افکار و نظریات پر مشتمل تھے۔ اس نے پہلے بھی امریکہ کی عراق و افغانستان جنگ کو برا نہیں سمجھا اور آج بھی اس کے متعدد ذرائع ابلاغ شام کی اسلامی انقلابی تحریکوں پرتنقید کرتے ہیں اور ان کو دہشت گرد تصور کرتے ہیں، ان کو بدنام کرنے میں لگے ہیں اور اس کے خلاف امریکی موقف کی تائید کرتے ہیں۔
ھ۔ یہودی وجود کی حمایت کرنا۔ اس نے مئی 2010 کے اواخر میں اہل غزہ کی مدد کیلئے روانہ کی جانے والی مرمرہ کشتی بھیجنے پر ناپسندیدگی کا اظہار کیا اور یہود کو اس پر حملہ کرنے کا حق دیا۔ اس نے ترک لوگوں کی قربانیوں پر کوئی تعزیت کی نہ ہی ان کو شہداء کہا۔ اس سے پہلے اس نے 1991 میں یہود پر صدام حسین کے حملہ کو بھی ناپسند کیا تھا اور اس حملے کی زد میں آنے والے یہودیوں کے قتل پر افسوس کا اعلان کیا تھا۔ انٹرنیٹ پر اس کی ویب سائٹ نے فتح اللہ گولن کی ایک تصویر شائع کی جس میں وہ مشرقی یہودیوں کے ایک ربی (پادری) الیاہودورون کے ساتھ 1998 میں ملاقات کرتے ہوئے دکھایا گیا ۔
مذکورہ خدمات محض چند مثالیں ہیں.....پارٹی نے یہ گمان کیا کہ اس طرح وہ امریکی حمایت حاصل کرلے گی اوراس کو اردگان پر برتری دلا دے گی۔ غالب خیال یہی ہے کہ اس کا یہ گمان اس کے لئے تباہ کن ثابت ہوگا کیونکہ امریکہ اردگان کو، جو ایک سیاسی تحریک کا لیڈر ہے ، اپنے مفادات کے حصول میں گولن اور اس کے مریدوں کی تحریک سے بڑھ کر باصلاحیت سمجھتا ہے۔ امریکہ نے ترکی کے اندر اگر کچھ حاصل کیا ہے اور اپنا اثر و نفوذ وہاں مستحکم کیا ہے تو یہ صرف اس سیاسی پارٹی کے بل بوتے پر جس کی قیادت اردگان کر رہا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ امریکہ اپنے سیاسی منصوبوں بالخصوص کرد مسئلے سے متعلق امریکی پلان کے نفاذ، یا اندرون اور بیرون ملک اس کے دوسرے منصوبوں بشمول شام کے مسئلے میں کامیابی کیلئے امریکہ اس کے ساتھ تعاون کرتا ہے۔ اگر اردگان پر دباؤ بڑھ جائے اور وہ استعفی ٰ دیدے تو غالب گمان یہ ہے کہ امریکہ جسٹس پارٹی میں سے کسی دوسرے مضبوط شخص کو ڈھونڈے گا، نہ کہ فتح اللہ گولن کو۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ فتح اللہ گولن کی تحریک حقیقت میں ایک غیرسیاسی تحریک ہے جو "جیتنے والے کے ساتھ ہے " کی مصداق ہمیشہ سے سیاسی پارٹیوں کے سائے تلے رہی ہے۔ یہ گزشتہ صدی کی آٹھویں دہائی میں تورگت اوزال کی ANAP کے ساتھ رہی، اس کے بعد رفاہ پارٹی کی حمایت کی، پھر نجم الدین اربکان کی زیرقیادت رفاہ پارٹی کے زوال کے بعد 1998 میں اجاوید کی قیادت تلے سوشلسٹ جمہوری پارٹی کی حمایت کی۔ جب جسٹس اینڈ ڈویلپنمٹ پارٹی کی بنیاد رکھی گئی تو اس کے سائے تلے آئی، اس لئے اس کوایک موقع پرست تحریک کی نظرسے دیکھا جاتا ہے جو اقتدار حاصل کر لینے والی ہر سیاسی پارٹی کی حمایت کرتی ہے تاکہ ذاتی مفادات کے حصول کو ممکن بنائے۔ اس بنا پر متوقع یہ ہے کہ وہ اردگان کے ساتھ صلح کرنے کیلئے کام کرے گی کیونکہ ایسا کئے بغیر وہ نقصان اٹھائے گی .....اور اس کی شروعات اس تحریک اور اس کے پیروکاروں کی کار گزاری سے ظاہر ہو رہی ہے۔ چنانچہ گولن نے اردگان پر درپردہ وار کرنے سے کنارہ کشی اختیار کی، جبکہ مہینہ پہلے اس کو فرعون اور نمرود تک کہا تھا۔ اس نے اپنی آواز میں اپنی تحریک کے لوگوں کو ایک آڈیو پیغام دیا تھا کہ "جب فرعون اور نمرود تمہارے مقابل ہوں تو تم حق پر ہو گے"۔ پھر مزید سکڑتا گیا یہاں تک کہ حال ہی میں یہ تجویز دی کہ اس کے پرائیویٹ ٹیوشن مراکز کو باقی رکھا جائے بھلے ان کو حکومت کی نگرانی میں ہی دے دیا جائے۔ مگر اردگان اپنے فیصلے پرمصر رہا.....حتی کہ عدلیہ اور سکیورٹی اداروں میں بھی فتح اللہ کے آدمیوں میں اب مزید بوجھ اٹھانے کی سکت نہیں رہی۔ چنانچہ کئی لوگوں کو گرفتار کیا گیا اور جو اپنے اداروں میں کام کرتے رہے وہ اپنے فیصلوں میں گومگو کی کیفیت سے دو چار ہیں۔ چنانچہ بعض عدالتوں نے اردگان کے فیصلے سے اتفاق کیا کہ وہ سکیورٹی منتظمین کی طرف سے افسران بالا کی موافقت کے بغیر براہ راست فیصلے قبول نہیں کریں گی، جبکہ قلیل تعداد ایسے لوگوں کی ہے جنہوں نے اس فیصلے سے جی چھڑانے کی کوشش کی۔ 27 دسمبر 2013 کو پرائیویٹ این ٹی وی نیوز نے کہا "ایک ترک عدالتِ عالیہ نے حکومت کے اس فیصلے کو کالعدم قرار دیا کہ تحقیقات کرنے والے پولیس افسر، افسران بالا کو مطلع کر دیا کریں"، لیکن اس کے ساتھ عربی سکائی نیوز نے 26 دسمبر 2013 کو بتایا کہ ترک حکومت کے وزراء پر لگائے گئے کرپشن الزامات کی تحقیقات کی قیادت کرنے والے اٹارنی جنرل معمر اکاش نے کہا "اسے اس مسئلے میں مشکلات کاسامناہے" وہ اس طرف اشارہ کر رہا تھا کہ "تحقیقات میں رکاوٹ آ چکی ہے".....
اردگان سکیورٹی اور عدلیہ میں موجود اس تحریک کے معاونین کو برابر دھمکا رہا تھا۔ اس نے صوبہ اوردو میں فاتصا کی عدلیہ کے دورے کے دوران کہا "میں عدلیہ سے یہ کہتا ہوں! تم انتظامیہ سے کہتے ہو کہ وہ اپنے اندر موجود میل کچیل کو صاف کریں مگر تم خود مکمل طور پر صاف نہیں ہو، اورہم اپنے اختیارات کوجانتے ہیں" (حریت 21 دسمبر 2013)۔ اس طرح مستقبل کی توقعات کے حوالے سے اردگان کا موقف فتح اللہ کے موقف سے زیادہ قوی ہے، خاص کر جب کہ اردگان کا فوج کے اندر اثر و رسوخ مؤثر ہوا ہے، چنانچہ ترک ذرائع نے بتایا کہ ترک مسلح افواج نے ایک بیان صادر کیا جس میں کہا گیا ہے کہ "وہ کسی بھی قسم کی سیاسی آراء اور سیاسی تانے بانوں سے اپنے آپ کو دور رکھتی ہے وہ ترک قوم کی وفادار ہے" یہ بیان 27 دسمبر 2013 کو یونائیٹڈ پریس انٹرنیشنل اور الحیات ویب سائٹ پرجاری کیا گیا۔
5۔ جہاں تک اردگان کے اپنے بیان میں امریکی سفیر کی طرف اشارے کی بات کا تعلق ہے جسے اخبار ملیات نے 21 دسمبر 2013 کو شائع کیا تو معاملہ یہ ہے کہ:
ا۔ مذکورہ کرپشن کے فیصلوں میں گرفتاری مہم کے دوران تین اخبارات "The Star, The New Twilight, The Evening" نے ایک خبرشائع کی، خبر میں بتایا گیا کہ 17 دسمبر 2013کو امریکی سفیر ریچرڈونی نے انقرہ میں یورپی یونین کے بعض نمائندوں سے ملاقات کی۔ رپورٹ اس بات کا اشارہ دے رہی تھی کہ ان واقعات میں امریکی سفیر ملوث ہے۔ ان اخبارات نے دعوی ٰکیا کہ وزیرخارجہ داؤد اوگلو جلد ہی امریکی وزیرخارجہ جان کیری کے ساتھ رابطہ کرکے اسے سفیر کے طور طریقوں سے متعلق وزارت خارجہ اور سفارتی عملے کی بے چینی کے بارے میں آگاہ کرے گا.....
اس کے باوجود امریکی سفیر رچرڈونی نے اس خبر کوجھٹلایاہے اورکرپشن کیس سے متعلق گرفتاریوں کے ساتھ امریکہ کے کسی بھی قسم کے تعلق کی نفی کی ہے اور یہ اس کے ٹویٹر پیغام کے ذریعے معلوم ہوا ہے، اس نے کہا "امریکہ کا، رشوت ستانی یا غیر قانونی اسالیب کے کرپشن کیسوں کے حوالے سے ، گرفتاریوں کوئی تعلق نہیں۔ یہ خبریں محض جھوٹ اور بہتان ہیں۔ کوئی بھی شخص ترکی امریکہ تعلقات کو ان جیسے بے بنیاد دعوؤں کے ذریعے خطرات سے دوچار نہیں کر سکتا اور دونوں ممالک کے درمیان دوستی و تعاون کا رشتہ دونوں ممالک کیلئے ناگزیر اہمیت کا حامل ہے" (اخبار ملیات 21 دسمبر 2013)۔ مگر اردگان نے اس سے فائدہ اٹھایا، ایسا محسوس ہوتا ہے گویا اس کو اس خبر کی اشاعت کے وقت کا علم تھا، جس کی وجہ سے بعض تجزیہ نگاروں کو یہ کہنا پڑا کہ یہ خبر اردگان کیلئے تیار کی گئی تھی تاکہ موجودہ واقعات کا استحصال کرتے ہوئے وہ کہہ سکے کہ یہ واقعات بین الاقوامی دراندازی کی وجہ سے ہیں، تاکہ اس کو بیرونی سازش باور کرا کر لوگوں کے جذبات اپنے ساتھ ملاسکے! اور جب وہ اپنے حق میں رائے عامہ کے حصول کے سلسلے میں دورے پرتھا، اس نے 20 دسمبر 2013 سامسون میں قیام کے دوران کہاکہ "سفیربعض سازشی سرگرمیوں میں ملوث ہے، میں اس سے کہتا ہوں کہ اپنا کام کرو، اگر تم اپنے دائرے سے باہر قدم رکھو گے تو ہماری حکومت اس حد تک جائے گی جتنی کہ اس کے پاس صلاحیت ہوگی".....(ملیات 17 دسمبر 2013)۔ مگر بعد میں جو کچھ ہوا وہ یہ کہ نہ تو داؤد اوگلو کیری سے ملا، اور نہ ہی اردگان کا یہ بیان زیادہ دیر منظر نامے پر رہا، بلکہ جسٹس اینڈ ڈویلپمنٹ پارٹی کے جنرل نائب صدر حسین چلیک نے یہ بیان دیا "یقیناً امریکی سفیر فرنک ریچرڈونی نے اپنے ٹویٹر کے ذریعے اس کے بیان سے متعلق خبروں کی تردید کی ہے، جو ہمارے ہاں کےبعض معتبر اخبارات میں شائع ہوئیں" (حریت21 دسمبر 2013)۔
ب۔ باوجود یکہ ایک ملک جب بیرونی مداخلت پر احتجاج کرتا ہے تو مروجہ طریقے کے مطابق اپنا احتجاج ریکارڈ کروانے کے لئے اس کی طرف اپنا وزیر خارجہ بھیجتاہے یا سفیر کو طلب کرتا ہے.....اسی طرح اگر کسی ملک کے اندر تعینات سفیر کسی خبر کی تردید کرتا ہے جو اس ملک کی طرف سے اس کے بارے میں شائع کی گئی ہو، تو معمول کے مطابق وہ اس ملک کی وزارت خارجہ کو پیغام دیتا ہے جس میں وہ اس خبر کی تردید کرے.....لیکن یہاں صرف اتنا ہوا کہ صدر نے زبانی بیان دیا اور سفیر نے ٹویٹر پر اس کی تردید کی، یہ اس بات پر دلالت کرتا ہے کہ اردگان اور سفیر کے درمیان الفاظ کا یہ تبادلہ ایک ڈرامے کے سوا کچھ نہیں جس میں ناکام قسم کے کردار اداکاری کر رہے ہیں۔ یہ بات کہ امریکی سفیر کے بارے میں اردگان کا بیان باتیں ہی باتیں ہیں اس کی دلیل یہ ہے کہ جس تاریخ کو ملیات اخبار نے اردگان کا بیان شائع کیا اسی دن یعنی 21 دسمبر 2013 کو اخبار نے ایک خبر شائع کی جو کچھ اس طرح تھی"یہ بات قابل توجہ ہے کہ جب بین الاقوامی دراندازی سے کی جانے والی کرپشن کی تحقیقات کی پیروی کی جار ہی تھی، اسی دوران امریکی مشیر ڈیوڈ کوہن استنبول پہنچ جاتا ہے جو دہشت گردی اور مالیات سے متعلق امریکی وزارت خزانہ کے ماتحت کام کرنے والے انٹیلی جنس محکمہ کا انچارج ہے اوراسرائیل کے ساتھ قریبی تعلقات کی وجہ سےمشہور ہے۔ پھر وہ ترکی میں بینکوں کے منیجرز سے ملتا ہے اور ان کے ساتھ مالی امور اور ایران پر پابندیوں کے بارے میں بات چیت کرتاہے.....مشیر حکومتی اتھارٹی میں سے کسی کے ساتھ نہیں ملا"۔ یہ خبر اس بات کی طرف اشارہ کررہی ہے کہ اردگان کے الفاظ خالی بندوق کی طرح ہے جوپٹاخے تو مارتی ہے لیکن نقصان نہیں پہنچاتی۔ تو امریکی ذمہ داران آجاتے ہیں اورجس سے چاہیں ملاقات کرتے ہیں، جبکہ حکومتی ذمہ داروں کے ساتھ ملاقات کئے بغیر چلے جاتے ہیں۔
ج۔ اردگان کے بارے میں یہ مشہور ہے کہ اس کے امریکہ کے ساتھ روابط ہیں۔ وہ ترکی کے اندر اور باہر اس کے منصوبوں کو نافذ کرتا ہے۔ یہ منصوبے بالخصوص اندرونی منصوبے تکمیل کے متقاضی ہیں۔ اگر اردگان چلا جائے تو یہ سارے منصوبے معطل ہوجائیں گے.....امریکہ اردگان کواپنے طاقتور آدمیوں میں سے گردانتا ہے جنہوں نے اقتدار سنبھالنے کے بعد سے ترکی کے اندر اس کے اثر و رسوخ کو قائم کرنے کے مواقع فراہم کئے ہیں۔ اس سے قبل کی دہائیوں میں مصطفیٰ کمال کے عہد سے ترکی پر فوج کے ذریعے برطانوی اثر و رسوخ کا تسلط تھا جس نے اسلام اور مسلمانوں کے سخت ترین دشمن برطانیہ کے مطالبے کو پورا کرتے ہوئے لوزان کانفرنس میں خلافت کے خاتمے کا اعلان کردیا جس کے بدلے برطانیہ اس کو جمہوریہ ترکی کا صدر بنائے گا۔ اسی زمانے سے ترکی کی حکومتوں پر برطانوی اثر و نفوذ مسلط رہا ہے، جسے ختم کرنا امریکہ کیلئے ممکن نہیں تھا، بالخصوص فوج میں۔ مگرجب اردگان نے اقتدار سنبھالا برطانوی اثر و نفوذ کمزور پڑ گیا اور سیاسی منظر سے اوجھل ہو گیا اور برطانیہ نواز سیاسی پارٹیاں جن میں نمایاں پیپلز پارٹی ہے نہایت کمزورہوگئیں.....اس طرح اروگان کی حکومت میں اب امریکی اثر و نفوذ کا تسلط ہے جس کی نمائندگی صدر اور وزیراعظم کرتے ہیں۔ اس لئے اردگان کی طرف سے سفیر کے بارے میں یہ ایک لفظی بیان جس کی کوئی عملی حقیقت نہیں۔ ایسے بیانات کو امریکہ جانتا ہے اور اس بیان دینے والے کو بھی جانتا ہے کہ اس کا کوئی اثر نہیں ہوتا.....
6۔ خلاصہ یہ ہے کہ :
ا۔ ترکی کے موجودہ بحران کے قطبین امریکی ایجنٹ اردوگان اورفتح اللہ گولن ہیں۔
ب۔ برطانیہ جب تک ترکی پر اپنا اثر و رسوخ رکھتا تھا اس وقت تک امریکہ اردگان اور فتح اللہ کو ایک قوت اور باہم شیر و شکر دیکھنا چاہتا تھا، جب برطانیہ کا اثر کم ہوا تو امریکہ نے جسٹس پارٹی اور فتح اللہ کے تنازع پر خاموشی اختیار کی اور ان کو کھلا چھوڑ دیا تاکہ وہ اس کی وفاداری اور اس کے مفادات کی خدمت گزاری میں ایک دوسرے کے سے مقابلہ کریں۔
ج۔ غالب گمان یہ ہے کہ ممکنہ پیش بینی سے کم از کم اردگان کی حکومت رہے گی، وہ اپنی مقبولیت کو برابر اپنے قبضے میں رکھے ہوئے ہے، حتی کہ اگر اس پر دباؤ بڑھ جائے تو امریکہ گولن کی بجائے جسٹس پارٹی میں سے کسی دوسرے شخص کو ترجیح دے گا کیونکہ امریکہ کو یہ پتہ ہے کہ فتح اللہ کی تحریک شیخ اور مریدوں کی تحریک جیسی ہے، جسے اپنا وجود باقی رکھنے کیلئے کسی بااقتدار پارٹی کے سائے تلے رہنا پڑتا ہے، اسے حکومت نہیں مل سکتی۔
د۔ یہ امریکہ اور اس کے ایجنٹوں کے اندازے ہیں، امت جس چیز کیلئے عمل کر رہی ہے وہ یہ ہے کہ برطانوی اور امریکی اثر و نفوذ اور اس کے ایجنٹوں اور پیروکاروں کو اکھاڑ پھینکیں، ان شاء اللہ، اور خلافت کو دوبارہ قائم کریں جیسا کہ اللہ کے رسولﷺ نے فرمایا ((ثُمَّ تَكُونُ خِلَافَةٌ عَلَى مِنْهَاجِ النُّبُوَّةِ)) "پھرنبوت کے نقش قدم پر خلافت ہوگی" (احمد اور داؤد اطیالسی نے روایت کی)۔ اورجس نے بھی خلافت اور اس کیلئے کام کرنے والوں کے ساتھ مقابلہ کیا اور استعماری کفار کا ساتھ دیا چاہے برطانوی ہوں یا امریکی، روسی اور فرانسیسی وغیرہ، ایسے لوگ دنیا و آخرت میں مسلمانوں کے ہاتھوں ذلت و رسوائی اٹھائیں گے۔
﴿وَيَوْمَئِذٍ يَفْرَحُ الْمُؤْمِنُونَ * بِنَصْرِ اللَّهِ يَنْصُرُ مَنْ يَشَاءُ وَهُوَ الْعَزِيزُ الرَّحِيمُ﴾.
"اوراس روز مؤمن خوش ہوجائیں گے - اللہ کی مدد سے، وہ جسے چاہتا ہے مدد دیتا ہے اور وہ غالب اور مہربان ہے" (الروم : 4-5)

Leave a comment

Make sure you enter the (*) required information where indicated. HTML code is not allowed.

اوپر کی طرف جائیں

دیگر ویب سائٹس

مغرب

سائٹ سیکشنز

مسلم ممالک

مسلم ممالک